ٹک ٹاک ویڈیو کی وجہ سے کالج سے بے دخل ہونے والے پروفیسر اور طالبہ نے شادی کرلی
ہری پور میں ٹک ٹاک سکینڈل کے بعد کالج سے بے دخل ہونے والے پروفیسر اور طالبہ نے کورٹ میرج کرلی۔
گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ہری پور میں انگریزی کے استاد رفاقت حسین اور طالبہ زینب کی 5 ماہ قبل بنائی گئی ایک قابل اعتراض ویڈیو حال ہی میں ویڈیو شیرنگ ویب سائٹ ٹک ٹاک پر وائرل ہوئی تھی۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد صوبائی محکمہ تعلیم نے انکوائری کے بعد رفاقت حسین کو نوکری سے برخاست اور طالبہ زینب علی کو کالج سے نکال دیا تھا۔
کالج سے نکالے جانے کے بعد رفاقت حسین نے موقف اپنایا تھا کہ ویڈیو زینب نے اپنے موبائل فون سے ایک فش پوائنٹ پر بنائی تھی اور ان کے فون کو کسی نے ہیک کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر شئیر کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بات پر وہ کافی حیران کن ہے کہ پبلک جگہ پر بنائے جانے ویڈیو کلپ کو کوئی کیسے فحش یا غیر مناسب کہ سکتا ہے؟
دوسری جانب طالبہ زینب نے بھی کہا تھا کہ ویڈیو میں کچھ بھی غیرمناسب نہیں ہے اور یہ کہ وہ عاقل و بالغ ہے اور انہیں اس فیصلے کا اختیار ہے کہ وہ کس کے ساتھ اپنی زندگی گزارنا چاہتی ہے۔
ذرائع کے مطابق مانسہرہ کے علاقے ترنگڑی کے رہائشی 38 سالہ رفاقت حسین اور ہری پور کی 24 سالہ زینب علی نے گزشتہ روز ایبٹ آباد کی عدالت کی اجازت سے نکاح کرلیا۔
نکاح کے موقع پر زینب کی والدہ اور رفاقت کے عزیز اور دوست بھی موجود تھے، رپورٹ کے مطابق رفاقت حسین پہلے سے شادی شدہ اور 3 بچوں کا باپ ہے۔