خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ کیخلاف بغاوت کا الزام، عاطف خان اور شہرام ترکئی سمیت تین وزراء فارغ

خیبر پختون خوا میں سینئر وزیر عاطف خان سمیت تین وزرا کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے.

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں سینئر صوبائی وزیر عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل احمد کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا بتایا گیا۔

خیبرپختونخوا کابینہ سے فارغ ہونے والے اراکین میں صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی، سینئر وزیرکھیل، ثقافت اور سیاحت  عاطف خان اور  وزیر ریونیو اور اسٹیٹ شکیل احمد شامل ہیں۔

اس حوالے سے وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تینوں وزراء کو خیبرپختونخوا کابینہ سے نکالا گیا ہے۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ جن وزراء کو نکالا گیا ہے ان میں ایک وزیر وزارت اعلیٰ کے امیدوار بھی تھے۔

 انہوں نے کہا کہ گروپ بندی میں پارٹی خاموش رہتی ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں، وزیراعلیٰ کے بعد سب سے اہم وزارت جس شخص کو ملی وہ مسائل پیدا کرتا رہا۔

واضح رہے کہ عاطف خان، شہرام تراکئی اور شکیل احمد پر الزام لگایا جاتا ہے کہ یہ وزرا موجودہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی کارکردگی پر خوش نہیں تھے اور وہ دیگر ارکان کو بھی بغاوت پر اکسا رہے تھے۔

عاطف خان کو 2018 کے عام انتخابات کے بعد وزارت اعلیٰ کا اہم ترین امیدوار سمجھا جاتا تھا تاہم پرویز خٹک کی مخالفت کے باعث انہیں یہ عہدہ نہیں دیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button