نوشہرہ اور مردان میں حادثات، خاتون سمیت 4 افراد زخمی
نوشہرہ اور مردان میں دو مختلف حادثات میں خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔
ٹی این این ذرائع کے مطابق نوشہرہ اضاخیل کے مقام پر ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ریل پٹری کراس کرتے وقت ریل گاڑی کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں انجن کا ڈرائیور زخمی ہوا ہے جبکہ ٹریکٹر کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نوشہرہ ٹریکٹر ٹرالی میں تین افراد سوار تھے جن میں سے دو افراد نے چھلانگ لگا کر جان بچائی جبکہ الطاف سکنہ پبی شدید زخمی ہوا جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کیا جا رہا ہے ۔
دوسری جانب نوشہرہ پولیس ترجمان کے مطابق اضاخیل میں ریل گاڑی اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ریل انجن کا ڈرائیور معمولی زخمی ہوا ہے، ریل گاڑی ٹرالی کو پٹڑی پر تقریباً 300 میٹر تک ساتھ لے گئی تھی۔
دوسری جانب مردان کی تحصیل تخت بھائی میں فضل آباد پل کے قریب موٹر کار اور فلائنگ کوچ کے درمیان حادثے میں 3 افراد شدید زخمی ہو گئے، عینی شاہدین کے مطابق ٹکرانے کے بعد فلائنگ کوچ نہر میں جاگری، اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور ریکوری ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فلائنگ کوچ پشاور سے باجوڑ جارہی تھی جس میں 10 افراد سوار تھے جن میں 1 معمولی جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تخت بھائی ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
شدید زخمیوں میں ذیشان سکنہ تخت بھائی، زوجہ عرفان سکنہ باجوڑ اور ابرار فلائنگ کوچ کنڈکٹر سکنہ نوشہرہ شامل ہیں۔