لکی، سبسڈائزڈ آٹا مہنگے داموں فروخت ہونے کا انکشاف
لکی مروت کے اسسٹنٹ کمشنر نادر شہزاد خان نے سرکاری سبسڈی آٹے کی بازار میں فروخت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سرفراز فلور ملز پرچھاپہ مارا اور ان کا ریکارڈ سیل کردیا۔
سرکاری آٹا مارکیٹ میں فروخت کرنے کے انکشاف پرڈپٹی کمشنر لکی مروت جہانگیر اعظم وزیر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نادرشہزاد خان کو تحقیقات کاحکم دیا۔
انہوں نے مارکیٹ میں چھاپے کے دوران سرکاری آٹا عام دکانوں سے برآمد کیا، اس دوران ملز اور ڈیلرز کے ریکارڈز میں بھی کافی فرق پایا گیا۔
لکی انتظامیہ نے ملز منیجر اور مالک کے خلاف مزید تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری آٹے کی فروخت میں محکمہ خوراک کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ایک آٹا ڈیلر نے اسسٹنٹ کمشنر نادرشہزاد خان کو سرکاری آٹا بیچنے کا اعترافی بیان بھی دیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نادر شہزاد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تحقیقات کادائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دریں اثناء ملوث افراد نے بچاؤ کیلئے ہاتھ پاؤں مارنے شروع کردیئے ہیں، ذرائع کے مطابق اس سارے کھیل میں محکمہ خوراک کے اہلکار ملوث ہیں۔