پشاور، کھیل کود کے دوران دو کمسن بچوں نے ساتھی کی جان لے لی
پشاور کے نواحی علاقہ متھرا میں کھیل کے کود کے دوران کمسن بچوں نے اپنی ہی کمسن دوست کو چھری کے پے درپے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے بروقت کارروائی کے دوران دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق رحمت حسین ولد سبز علی سکنہ مومن آباد نے تھانہ متھرا پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے بیٹے 10 سالہ فواد کو تیز دھار آلہ سے وار کر کے قتل کیا گیا ہے جس پر پولیس نے فوری طور پر بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے ہسپتال منتقل کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران دیگر مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کرنے کے ساتھ ساتھ مقتول بچے کے ساتھیوں سے بھی پوچھ گچھ کا فیصلہ کیا اور محض چند گھنٹوں کے اندر اندر تفتیشی ٹیم نے واردات میں ملوث اصل ملزمان کا سراغ لگا کر مقتول کے دو کمسن ساتھیوں عزیر اور اسماعیل کو حراست میں لے لیا۔
دونوں بچوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران کمسن بچے مقتول فواد کو تیز دھار آلہ کے پے در پے وار کرکے قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ آلہ قتل بنٹے (بلوری) کھیلنے کیلئے کھڈا کھودنے کی غرض سے لایا گیا تھا جس سے بعد ازاں لڑائی کے دوران فواد کو قتل کیا گیا۔