خیبر پختونخوا

پشاور، 24 گھنٹوں میں آتشزدگی کے 4 واقعات، 16 افراد جھلس کر زخمی

صوبائی دارالحکومت پشاور میں 24 گھنٹوں کے دوران آتشزدگیوں کے 4 واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 16 افراد جھلس کر زخمی جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

ترجمان 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق پشاور کے علاقے افغان کالونی میں واقع امین پلازہ میں گیس لیکیج کے باعث فلیٹ کے اندر دھماکے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، دھماکے سے 3 منزلہ عمارت میں شیشے، کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے، قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

دوسرا واقعہ بھی صبح صادق انقلاب روڈ پر پیش آیا جہاں مقامی شہری کے گھر میں سلنڈر پھٹنے سے 5 افراد جھلس گئے جبکہ گذشتہ روز بھی گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔

دریں اثناء ناصر باغ روڈ پر واقع نصیر ٹیچنگ ہسپتال کے سٹور روم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں ہسپتال کے مالک فہد کبیر کے مطابق لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق تمام واقعات میں لگی آگ کو قابو کرنے کے بعد زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا ہے جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

شہریوں کے مطابق ناقص میٹیریل سے تیار کردہ سلنڈر اور گیس لیکیج ناخوشگوار واقعات کا سبب بن رہے ہیں، دھماکوں کا سبب گیس لیکج یا غیر معیاری سلنڈرز کا استعمال ہے اس کا پتا تو فائر انیوسٹی گیشن کے بعد ہی لگے گا تاہم متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اور معیاری آلات کا استعمال کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button