کابل ، امریکی ڈرون حملے میں 2 کمانڈروں سمیت 6 داعش جنگجو ہلاک
افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں 6 داعش جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ کنہڑ کے ضلع نیورگال میں داعش کے ٹھکانے کو امریکی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو گروپ کمانڈروں قاری ظاہر اور غنی سمیت 6 داعش جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
دریں اثناء کنہٹر میں ہی چالیس سے زائد داعش جنگجوئوں نے ہتھیار ڈال کر حکومتی امن عمل میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب عراق میں امریکی سفارتخانے کے قریب دو میزائل فائر کئے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بغداد میں امریکی سفارتخانے کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے دو میزائل فائر کئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ میزائل خالی علاقے میں گرنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فوری طور پر کسی گروپ نے میزائل فائر کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔