خیبر پختونخوا

بنوں، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شمالی وزیرستان کا رہائشی جاں بحق

بنوں کے علاقہ نیو اڈہ میںنامعلوم افراد نے شمالی وزیرستان کے رہائشی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ہدایت اللہ کام کے سلسلہ میں نیو اڈہ آیا تھا جہاں موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ لگ کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کریم درکھان میں سابقہ دشمنی کی بناء پر مسلح افرا دکی فائرنگ سے جوانسال لڑکا جاں بحق جبکہ اس کے دو ماموں بال بال بچ گئے۔

قتل مقاتلے کی سابقہ دشمنی کی بناء پر 5مسلح ملزمان نے فضل الرحمن، ایوب پسران شیرین خان اور دیگر نے اکرام اللہ، محب اللہ اور محمد انور پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں محب اللہ اور اکرام بال بال بچ گئے تاہم ان کا بھانجا 24 سالہ محمد انورولد شیر علی لگ کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

ادھر صوابی میں مختلف مقامات پر دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

گوہر علی سکنہ بیکا نے تھانہ لاہور میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ معمولی زبانی تکرار پر احسان نے فائرنگ کر کے اس کے بھائی اسد کو قتل کر دیاجس کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔

دریں اثناء بیوہ سکندر خان نے تھانہ تورڈھیر میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کے شوہر سکندر خان کو اپنے بھائی سرتاج نے رقم کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس نے الگ الگ ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button