بین الاقوامی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 53 ہو گئی، 88 ہزار متاثر

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار 53 ہو گئی جبکہ 88 ہزار متاثر ہیں۔

جنوبی کوریا میں خطرناک وائرس کے مزید 500 کیسز رجسٹرڈ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 4 ہزار 2012 ہو گئی ہے جبکہ 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ایران میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 54 تک پہنچ گئی، فرانس میں 130 متاثر جبکہ پورے برطانیہ میں 1 ہزار 694 کیس رجسٹر ہوئے ہیں، امریکی ریاست واشنگٹن میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہو گئی جب کہ نیویارک میں بھی مہلک وائرس کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد چین میں ہے جہاں 2912 افراد ہلاک ہوئے اور سات ہزار سے زائد کی حالت نازک ہے۔

چینی حکام کے مطابق ہسپتال سے ڈسچارج ہونے والے مریضوں کی شرح52 فیصد سیزائد رہی اور گزشتہ ہفتے سے صحت یاب مریضوں کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے صحت یاب افرادکی تعداد 41 ہزار 625 ہو گئی ہے اور زیرعلاج افراد کی تعداد کم ہو کر 35 ہزار رہ گئی۔

پاکستان میں اس وقت کورونا کو کوئی تصدیق شدہ مریض موجودہ نہیں ہے تاہم مشتبہ مریضوں کو آئسولیشن وارڈز رکھا گیا ہے۔

پاکستان نے ایران اور افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد بند کر رکھی ہے اور ملک کے اندر بھی کورونا کے متعلق ہنگامی صورتحال نافذ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

ماسک کورونا وائرس کے مریض کیلئے ضروری ہے، ہر کسی کیلئے نہیں

کورونا وائرس، ملازمین بغلگیر ہوں نہ ہاتھ ملائیں، پشاور ہائیکورٹ

کورونا کا خطرہ ،پاک افغان چمن بارڈر ایک ہفتے کیلئے بند

عالمی ادارہ صحت(ڈبلیوایچ او) نے ہدایت کی ہے کہ بڑی تعداد میں وینٹی لیٹرزتیا ر رکھیں کیوں کہ کورونا کے مریضوں کے لیے آکسیجن تھراپی اہم علاج ہے لہذا تمام ممالک آکسیجن سسٹم کی دستیابی یقینی بنائیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق چین میں45 ہزار افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور صرف 2.1 فیصد 20 سال سے کم عمر تھے اور اس وائرس کے شکار مریضوں میں شرح اموات صرف دو سے پانچ فیصد ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس 60 سال زائد عمر اور پہلے سے کسی مرض میں مبتلا شخص کو زیادہ متاثر کرتا ہے۔

امریکہ میں کورونا واےرس سے ایک اور شخص ہلاک

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد دو ہو گئی جبکہ امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 89 ہوگئی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی طبی حکام نے بتایاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ وائرس سے متاثر ہو کر موت کے منہ میں جانے والے دوسرے امریکی شخص کی عمر 70 سال تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا، واشنگٹن، الی نوائے، اوریگون، ایریزونا، نیویارک، میسا چیوسٹس میں کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح ہے کہ رواں سال جنوری سے چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والا کورونا وائرس اب دنیا کے کئی ممالک میں پھیل چکا ہے۔

کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہیں، سعودی عرب

سعودی عرب نے ابھی تک چین سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس کے کسی کیس کی تصدیق نہیں کی ہے جبکہ سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ وہ اس مہلک وائرس کے کسی بھی کیس سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ مملکت میں کرونا وائرس کے ممکنہ مریضوں کے علاج کے لیے 8000 بستروں پر مشتمل 25 ہسپتال تیار کرلئے گئے ہیں۔

سعودی عرب نے گذشتہ جمعرات کو عمرے پرآنے والے زائرین کے مکہ مکرمہ میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی عاید کردی تھی۔

سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس فیصلہ کے بعد عمرے کی غرض سے آنے والے ایک لاکھ سے زیادہ افراد مملکت سے واپس چلے گئے ہیں۔

عمرہ زائرین کی فیس واپس کرنے کیلئے آن لائن سروس کا آغاز

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کی ویزہ فیس واپس کرنے کے لئے آن لائن سروس کا آغاز کر دیا۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ویزہ فیس کی واپسی کے لئے شروع کردہ آن لائن سروس سے عمرہ زائرین اپنی ویزہ فیس اور سروس چارجز متعلقہ حج ایجنسیز سے واپس وصول کر سکتے ہیں۔

سعودی وزارت حج نے بھی عمرہ زائرین کو ویزہ فیس واپس کرنے کی تصدیق کر دی۔ اگر کسی کو ویزہ فیس وصولی میں مشکل ہو تو وہ سعودی وزارت صحت سے ان کے لینڈ لائن نمبر اور ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کر دی تھی۔

کورونا وائرس کے باوجود مصری خاتون وزیر صحت کا دورہ چین

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد بیرون ملک سے وفود اور عالمی شخصیات کی چین آمد تقریبا بند ہوگئی ہے اس کے باوجود مصر کی خاتون وزیر صحت ڈاکٹر ہالہ زاید ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ بیجنگ روانہ ہوگئیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق بیجنگ روانگی سے قبل قاہرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ہالہ نے کہا کہ میں صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے چینی قوم کے لیے ایک تحفہ لیکر جا رہی ہوں۔

اس موقعے پر مصر میں چین کے سفیر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ چین ہمارا دوست ملک ہے۔آج چین مشکل میں ہے اور ہم چین کی اس مشکل سے نکلنے میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔

ایران کا ماسک کے ذخیرہ اندوزوں کو پھانسی دینے کا اعلان

ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد ملک میں ماسک اور دیگر حفاظتی اشیاء کی قلت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری طرف ایران کے پراسیکیوٹر جنرل محمد علی جعفری نے خبردار کیا ہے کہ ماسک کی ذخیرہ اندوزی کے کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔اگر کوئی ماسک ذخیرہ کرتے یا اس کی اسمگلنگ میں ملوث پایا گیا تو اسے پھانسی دی جائے گی۔

عرب ٹی وی کے مطابق پراسیکیوٹر جنرل محمد علی جعفری نے وزیر صحت سعید نمکی کے مکتوب کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ہم نے آپ کی طرف سے توجہ مبذول کرانے کے بعد صحت عامہ کے معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برتنے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ماسک اور طبی سامان کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی ہمدردی کے مستحق نہیں ہوں گے۔ اگر کوئی شخص ماسک کی ذخیرہ اندوزی کا مرتکب پایا جاتا ہے تو وہ سزائے موت کو مستحق ہے۔ اسے سزائے موت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماسک کی ذخیرہ اندوزی اور ان کی اسمگلنگ فوج داری ایکٹ 286 اور اسلامی تعزیرات کے سزائے موت کا جرم ہے اور ایسے شخص کو پھانسی پرلٹکایا جائے گا۔

ایران میں  مزارات کو چاٹنے کے ناقابل یقین مناظر

ایران میں جہاں ایک طرف کرونا وائرس لوگوں میں موت بانٹ رہا ہے اور دوسری طرف مشہد اور قم جیسے شہروں میں موجود مذہبی شخصیات کے مزارات پرآنے والے زائرین کی جانب سے ان مزاروں کی دیواریں چاٹنے اور انہیں بوسہ دینے کی ناقابل یقین سرگرمیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔

مزارات کو بوسے دینے اور انہیں چاٹنے والوں کا دعویٰ ہے کہ وہ اس طرح کرونا کو چیلنج کررہے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایسی متعدد ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں جن میں زائرین کو مزارات میں بے پرواہی کے ساتھ ان کی دیواروں کی بوسہ بازی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایک ویڈیو میں ایک شخص کو فارسی میں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ میں نے سنا ہے کہ اس مزار سے وائرس پھیل سکتا ہے۔ ایک شخص کو یہاں سے کورونا وائرس لاحق ہوا کیونکہ اس نے اسے چھوا تھا۔

مگر اس مجھے اس کی پرواہ نہیں۔ یہ مقدس مقام ہے اور یہاں سے اگر مجھے کورونا وائرس لگتا ہے تو کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو شدید تنقید کا سامنا ہے کیونکہ اس طرح کے واقعات دوسرے لوگوں کو بھی مزارات میں جانے اور اس طرح کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔

پاکستان میں کورونا سے متاثرہ چاروں افراد کی حالت بہتر

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں کورونا وائرس کے شکار چاروں افراد کی حالت تسلی بخش قرار دی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ چاروں افراد کی حالت بہتر ہے اور وہ بھی بہت جلد صحت یاب ہو جائیں گے، پاکستان میں ہر کسی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔

معاون خصوصی نے چین میں موجود پاکستانی طالب علموں سے متعلق بتایا کہ چین میں وائرس سے 6 متاثرہ پاکستان طلبہ بیمار ہو کر صحت یاب بھی ہو گئے اور انہیں ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ ایک پاکستانی طالب علم اب تک زیر علاج ہے وہ بھی جلد صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہو جائے گا۔

کراچی میں سرجیکل ماسک کی ذخیرہ اندوزی پر 4 افراد گرفتار

ادھر کراچی میں کورونا وائرس کے پیش نظر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سرجیکل ماسک ذخیرہ اندوزی کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔ کھارادر کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سرجیکل ماسک ذخیرہ اندوزی کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 20 ہزار سے زائد سرجیکل ماسک برآمد کئے گئے ہیں، ملزم فیضان ،عثمان ،نعیم اور نعمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button