استنبول ایئرپورٹ پر طیارہ رن وے سے پھسل کر ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا، 150 سے زائد مسافرزخمی
ترکی کے شہراستنبول کے ایئرپورٹ پر مسافر طیارہ رن وے سے پھسل کر تباہ ہوگیا اور 3 ٹکڑوں میں تقسیم ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 150 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔
ترک میڈیا کے مطابق پیگاسس ائیرلائنز کے ازمیر شہر سے استنبول آنے والے مسافر طیارے میں 2 بچوں اور 6 عملے کے ارکان سمیت 177 افراد سوار تھے۔ مسافر طیارہ استنبول کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل گیا اور 3 ٹکڑوں میں تقسیم ہوگیا۔
جہاز کی لینڈنگ کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی تاہم ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا اور جہاز کو مسافروں سے خالی کرالیا۔
ترکی کے وزیر ٹرانسپورٹ چاہت تورہان کے مطابق طیارے کو حادثہ خراب لینڈنگ کے باعث پیش آیا۔ ترکی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق تیز بارش اور طیارے کے عقبی حصے پر ہوا کے تیز دباؤ کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
ترکی کے وزیر صحت فہرتن کوکا نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والے مسافر کا تعلق ترکی سے ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں ہیں جبکہ ائیرپورٹ کو بھی ائیرٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔