بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ سردار عطاء اللہ مینگل انتقال کر گئے
بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سرپرست اور معروف قوم پرست رہنما سردار عطااللہ مینگل انتقال کر گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سینئر رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی ثنااللہ بلوچ نے سردار عطااللہ مینگل کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ”بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے عظیم قائد، سرپرست اعلیٰ، بلوچستان کے تاریخ ساز قوم پرست رہنما اور مینار بلوچ اب ہمارے درمیان نہیں رہے، بی این پی جنازے کا اعلان جلد کرے گی۔”
’اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ‘
بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے عظم قائد ، سرپرست اعلی بی این پی، بلوچستان کے تاریخ ساز قوم پرست رہینما اور مینار بلوچ اب ھمارے درمیان نہیں رہے – بی این پی جنازہ کا اعلان جلد کرے گا- pic.twitter.com/op3IkXZNol— Sana Ullah BALOCH, MPA (@Senator_Baloch) September 2, 2021
یاد رہے کہ سردار عطاء اللہ خان مینگل جو عام طور پر عطاء اللہ مینگل کے نام سے معروف ہیں بلوچستان کے علاقے وڈھ سے تعلق رکھنے والے ممتاز سیاست دان و قبائلی رہنما ہیں، وہ بلوچستان کے سب سے پہلے وزیراعلیٰ تھے اور یہ منصب 1 مئی 1972ء سے 12 مئی 1973ء سنبھالا۔ وہ مینگل قبیلے کے سربراہ تھے۔
اُدھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عطاء اللہ مینگل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اِدھر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے بلوچستان کے سابق وزیر اعلی سردار عطا اللہ مینگل کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات ملکی سیاست بالخصوص بلوچستان کے عوام کے کے لئے ایک بڑا سانحہ اور صدمہ ہے، ”عطا اللہ مینگل ایک وضع دار، جمہوریت پسند اور عوام دوست سیاسی رہنماء تھے۔ جمہوریت کی بحالی، آئین کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اپنی سیاسی زندگی میں مرحوم نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن آمریت کے خلاف اور جمہوریت کے حق میں ڈٹ کر کھڑے رہے۔
ولی باغ چارسدہ سے جاری اپنے بیان میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں مرحوم عطا اللہ مینگل کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، ”دکھ کی اس گھڑی میں اے این پی غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر شریک ہے، اللہ تعالی مرحوم کو جنت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔”
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سینئر سیاست دان عطا اللہ مینگل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ عطااللہ مینگل نے ہمیشہ بلوچستان کے غریب عوام کے حقوق کی ہمیشہ بات کی، اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔