صحتفیچرز اور انٹرویو

”نئی افغان حکومت کا کل اعلان کیا جائے گا”

طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ اور قطر میں سیاسی دفتر کے نائب انچارج شیر محمد عباس ستانکزئی نے کہا ہے کہ امارت اسلامی کی حکومت پر مشاورت مکمل ہو گئی ہے اور کل (جمعہ کو) اس کا اعلان کیا جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں شیر محمد عباس ستانکزئی نے جلد کابل ایئرپورٹ سے پروازوں کی بحالی کا دعوی بھی کیا اور بتایا کہ کابل میں حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بحالی اور مرمت پر 25 سے 30 ملین ڈالر خرچہ ہو گا جس میں قطر اور ترکی مدد کریں گے، ایئرپورٹ دو دن میں فنکشنل ہو جائے گا جس کے بعد صرف قانونی دستاویزات کے حامل افراد کو ملک سے باہر جانے کی اجازت ہو گی۔

اس موقع پر طالبان رہنماء نے انکشاف کیا کہ بغیر دستاویزات کی وجہ سے ہی ایئرپورٹ پر بدنظمی پیدا ہوئی تھی اور اب امریکا دو سے ڈھائی ہزار افغانوں کو واپس بھیج رہا ہے جو ان کے بقول قانونی دستاویزات کے بغیر امریکا پہنچے تھے۔

شیر محمد عباس ستانکزئی کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ افغانستان کی اسلامی امارت ایک ایسی حکومت بنائے گی جس میں تمام اقوام اور طبقات کی نمائندگی ہو گی اور جسے اندرونی اور بیرونی طور حمایت بھی حاصل ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں طالبان رہنماء نے کہا کہ نئی حکومت میں تقوی دار، پرہیزگار اور تعلیم یافتہ افراد شامل ہوں گے، خواتین بھی حکومت کا حصہ ہوں گی تاہم 20 برسوں سے کسی نہ کسی شکل میں حکومت میں رہنے والے ہماری حکومت میں نہیں ہوں گے۔

عباس ستانکزئی نے مزید کہا کہ طالبان کی حکومت میں خواتین کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں اور انہیں شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے دفاتر میں کام کرنے کی مکمل آزادی بھی ہو گی۔

طالبان رہنماء نے دعوی کیا کہ افغانستان میں 40 برس کے دوران پہلی مرتبہ گزشتہ 15 دنوں میں کہیں جنگ نہیں ہوئی اور اس صورت حال کا نہ صرف افغانوں کو بلکہ بین الاقوامی برادری کو فائدہ اٹھانا چاہیے اور ہماری حکومت کو تسلیم کر لیںے میں ہچکچاہٹ سے کام نہ لیں۔

شیر محمد عباس ستانکزئی نے کہا کہ امارت اسلامی امریکہ سمیت یورپی یونین اور دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے اور قطر میں ان کے سیاسی دفتر کے اراکین مختلف ممالک سے مذاکرات میں مصروف ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button