انٹرٹینمنٹبین الاقوامی

بالی ووڈ کے مشہور اداکار عرفان خان انتقال کرگئے

بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار عرفان خان ممبئی میں انتقال کرگئے۔

53سالہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر یعنی آنتوں کے کینسر کا شکار تھے اور لندن سے علاج کروانے کے بعد گذشتہ برس واپس انڈیا آئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان خان ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

گزشتہ روز اداکار عرفان خان کے ایک ترجمان کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔

عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کے لیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔

بعد ازاں وہ فروری 2019 میں اپنی فلم ‘انگریزی میڈیم’ کی شوٹنگ کے لیے واپس بھارت آئےتھے اور شوٹنگ ختم ہونےکے بعد واپس لندن چلے گئے تھے۔

عرفان خان لندن میں کینسر کے علاج اور سرجری ہونے کے بعد ستمبر 2019 میں بھارت آئے تھے۔

اداکار عرفان خان نے ہندی میڈیم، انگریزی میڈیم، لنچ باکس اور  پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا اور شاندار اداکاری سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔

عرفان خان کی ہالی وڈ فلموں میں لائف آف پائی، جراسک ورلڈ، سلم ڈاگ ملینیئر اور دی ایمزنگ اسپائیڈرمین شامل ہیں۔

خیال رہے کہ  25 اپریل کی صبح بالی وڈ اداکار عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم 95 سال کی عمر میں جے پورمیں انتقال کر گئیں تھیں اور عرفان خان لاک ڈاؤن کی وجہ سے ممبئی سے جے پور اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت نہیں کر سکے تھے اور انہوں نے ویڈیو کالنگ کے ذریعے اپنی مرحوم والدہ کا اخری دیدار کیا تھا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button