شمالی وزیرستان میں بم دھماکہ، تین بچے جاں بحق
شمالی وزیرستان میرعلی میں کھجوری چیک پوسٹ کے قریب بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 چرواہ جاں بحق ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا کھیتوں میں ہوا جس کے نتیجے میں بکریاں چرانے والے 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔ بچوں کی عمریں 5 سے 15 سال کی درمیان ہیں۔ جاں بحق بچوں کا تعلق کھجوری ذاکر خیل گاؤں سے ہے۔
یاد رہے تین روز قبل شمالی وزیرستان میں 6 حجاموں کو بھی قتل کیا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
قتل کیے گئے افراد پیشے کے لحاظ سے حجام تھے اور مقتولین کی میر علی بازار میں ہیئر کٹنگ کی دکانیں تھیں۔ تمام مزدوروں کو نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
چند روز قبل شمالی وزیرستان کے تحصیل سپین وام سے 8 غیر مقامی مزدوروں کو اغوا کیا گیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان مزدوروں کو گاؤں ششی سے اغوا کیا گیا۔
مغوی افراد سیکیورٹی چیک پوسٹوں کی تعمیر کا کام کررہے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ مزدور ماڑی پٹرولیم کمپنی کے تھے۔ ان میں سے 5 کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے جبکہ 3 کا جنوبی وزیرستان سے ہے۔