جرائم

لکی مروت جیل، پولیس چوکی اور تھانے پر دہشت گردوں کے حملے ناکام

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی، جیل اور تھانے پر حملے کیے جنہیں ناکام بنا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے یکے بعد دیگرے بھرپور حملوں سے خیبر پختونخوا پولیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم پولیس کے سپاہیوں اور افسران نے کارروائی کرتے ہوئے حملوں کو ناکام بنایا۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے لکی مروت میں رات 11 بج کر 30 منٹ کے قریب تین اطراف سے پولیس چوکی، جیل اور تھانہ لکی پر حملہ کیا جس کے دوران پولیس پر دستی بم پھینکے گئے اور اندھا دھند فائرنگ بھی ہوئی تاہم یہ حملے ناکام رہے۔

پولیس چوکی کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف جوابی فائرنگ کی۔ مسلح افراد نے تھانہ لکی مروت پر حملہ کیا تو پولیس کے بہادر جوانوں نے تن دہی سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پلٹ کر فرار ہونے پر مجبور کردیا۔

لکی مروت پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور دہشت گردوں کے زخمی یا ہلاک ہونے کی بھی کوئی اطلاع نہیں۔ مسلح دہشت گرد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جارہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button