جرائم

سوات:نجی سکول بس حادثہ میں جاں بحق بچوں کی تعداد چار ہوگئی، واقعے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

سوات میں نجی سکول سے سیر و تفریح پر جانے والی بس گہری کھائی میں گرنے سے چار بچے جاں بحق جبکہ تیس تک زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثے کے بعد سکول پرنسپل اور بس مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز خوازہ خیلہ کے نجی سکول خیبرپبلک سکول کی انتظامیہ نے پچاس تک بچوں کو سیر و تفریح کے لئے ایک بس میں گبین جبہ لے کر گئے تھے جہاں پر تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے بس نیچے کھائی میں گر گئی ۔ حادثے میں چار بچے جاں بحق جبکہ تیس زخمی ہوگئے ہیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے بھی بچوں کو بس سے نکالنے کے اپریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

زخمی بچوں میں زیادہ تر کو معمولی چوٹیں آئی تھی اور انکو ابتدائی طبی امداد دے کر اپنے گھروں کو بھیج دیا گیا ہے جبکہ تین بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے ابتدائی رپورٹ کے مطابق بس انتہائی خستہ حال اور پرانی ہوچکی تھی جس کی بنا پر بس مالک اور سکول پرنسپل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی نجی سکول بس کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جانی نقصان پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلی نے حادثے میں زخمی ہونے والے طلبہ کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button