سٹیزن جرنلزمفاٹا انضمامقبائلی اضلاع

باجوڑ، میٹر لگانے سے انکار پر تمام فلنگ سٹیشنوں کی بجلی منقطع

سٹزن جرنلسٹ مصباح الدین اتمانی

بجلی میٹر لگانے سے انکار پر محکمہ واپڈا باجوڑ نے تمام فلنگ سٹیشنوں کو بجلی کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

محکمہ واپڈا باجوڑ  کے مطابق تمام قبائلی اضلاع میں میٹرز لگائیں جائیں گے جس کا آغاز قبائلی ضلع باجوڑ سے کیا جا رہا ہے۔ واپڈا ذرائع کے مطابق باجوڑ میں جتنے بھی فلنگ سٹیشن ہیں انہوں نے میٹرز لگانے سے انکار کیا ہے جس پر ان کی بجلی منقطع کر دی گئی ہے۔

دوسری طرف اس سلسلے میں ایڈمور فلنگ سٹیشن خار میں سید سلیمان کی صدارت میں پمپ مالکان کا اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ ہم میٹر کی تنصیب کے مخالف نہیں لیکن ہم کسی صورت میں یہ اجازت نہیں دیں گے کہ میٹر کی تنصیب کا عمل باجوڑ میں موجود فلنگ سٹیشنوں سے شروع کیا جائے۔

سید سلیمان نے کہا کہ کسی اور ضلع میں اگر میٹر لگائے گئے تو ہمیں بھی یہاں میٹر لگانے پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، معاملے پر ہم سیاسی اور علاقائی مشران کو اعتماد میں لیں گے۔

ٹی این این سے بات کرتے ہوئے ایک پمپ کے مالک ابوبکر نے بتایا کہ تقریباً ایک ہفتے ہوا محکمہ واپڈا نے بجلی منقطع کی ہے جس کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ سب سے پہلے میٹرز صرف فلنگ سٹیشنوں میں کیوں لگائے جا رہے ہیں؟

ابوبکر نے بتایا کہ مین شاہراہ پر جتنے بھی پمپ ہیں وہ تو بل ادا کر سکیں گے لیکن جو دور دراز علاقوں میں واقع ہیں وہاں اتنی فروخت نہیں ہوتی وہ بل کہاں سے ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ محکمہ واپڈا کی طرف سے باجوڑ میں میٹر لگانے کا اعلان کئی روز پہلے ہوا ہے لیکن مقامی لوگوں کی مزاحمت کی وجہ سے ابھی تک اس پر عمل درآمد یقینی نہیں بنایا جا سکا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button