صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی کے لونی روڈ پر ایک دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہو گئے۔
سبی کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) وزیر خان مری نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار شر پسند لونی چوک پر دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق حملے سے چند منٹ قبل ہی اسی مقام سے یوم یکجتی کشمیر کی ریلی بھی گزری تھی۔ دھماکے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جس کے بعد زخمیوں کو قریبی واقع ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دھماکے کے فوراً بعد ریکسیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طی امداد کے لیے سبی کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان گزشتہ کئی برسوں سے بے امنی کا شکار ہے اور یہاں سیکیورٹی فورسز پر حملے، دھماکے اور مختلف واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، صوبے میں شورش کے پسِ پردہ ملک دشمن عناصر کے ملوث ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔