تربت میں ایف سی چیک پوسٹ پرحملہ، پانچ سکیورٹی اہلکار جاں بحق
بلوچستان کے ضلع کیچ (تربت) میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم عسکریت پسندوں کے حملے میں پانچ سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ تربت میں سیکورٹی فورسز کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران سے ملحقہ ضلع کیچ کے علاقے بلنگور سے تقریبا 30 کلومیٹر دور گٹی کور میں قائم فرنٹئیر کور بلوچستان کی 125 ونگ کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم حملہ آوروں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔
عہدیدار کے مطابق مسلح عسکریت پسندوں نے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ پر چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ ایف سی کے اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم حملے میں ایف سی کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے جن کی شناخت نائیک سرور خان، لانس نائیک الیاس خان، لانس نائیک نقیب اللہ، لانس نائیک عبداللہ اور سپاہی ضیاء الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کے تبادلے میں تین اہلکار سپاہی روزی خان، سپاہی حامد علی اور سپاہی احسان زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ ایف سی اہلکاروں کی مدد کے لیے قریبی چیک پوسٹوں اور بلنگور کے ونگ ہیڈ کوارٹر سے اضافی نفری مدد کے لیے پہنچی تاہم اس سے پہلے حملہ آور ندی اور پہاڑی کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو بلنگور پہنچایا گیا جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے تربت اور پھر آبائی علاقوں کو منتقل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ایران کی سرحد سے ملحقہ بلوچستان کا یہ ضلع ایک دہائی سے زائد عرصے تک بلوچ علیحدگی پسند مسلح تنظیموں کا گڑھ رہا ہے۔ یہاں اس سے قبل بھی سکیورٹی فورسز پر حملے ہو چکے ہیں۔