بلوچستان

بلوچستان: شدید برفباری اور بارش کے باعث 15 افراد ہلاک

 

بلوچستان میں جاری شدید برف باری اور بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں 15 افرد ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کا دنیا کے دیگر حصوں سے فضائی اور زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔

پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں قلعہ عبداللہ میں 6، ژوب میں 6 جب کہ پشین میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

ملک کے زیادہ تر حصوں کو مغرب سے آنے والی تیز ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری جبکہ بالائی اور وسطی پنجاب کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں پیر سے منگل کے روز موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر عظمت حیات خان کے مطابق کوئٹہ میں شدید برفباری نے 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، قلعہ سیف اللہ میں 3 سے 4 فٹ برف ریکارڈ کی گئی جو معمول کے مطابق ہونے والی ایک سے ڈیڑھ فٹ برفباری سے دگنی ہے۔

ذرائع کے مطابق کوئٹہ ایئر پورٹ کے رن وے پر برفباری کے باعث سعودی عرب سے مسافروں کو کوئٹہ لانے والا ہوائی جہاز واپس پرواز نہ کرسکا۔

اسی طرح خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ سے آنے والے بھی سیکڑوں مسافر بلوچستان کی مختلف شاہراہوں پر پھنس گئے، کوئٹہ سے کراچی جانے والی شاہراہ لک پاس ایریا پر بلاک ہوگئی، جبکہ شدید برف باری کے باعث کوئٹہ سبی ہائی وے کو بھی کولپور اور مچھ کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔ خان مہترزئی میں پھنس جانے والے مسافروں کو فوج اہلکاروں اور فرنٹیئر کور کے جوانوں نے نکالا اور شاہراہ سے برف صاف کی۔

تاہم دالبدین سے ماشخیل آنے والے مسافروں کو سیلاب اور موسلا دھار بارشوں کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اطلاع ملنے کے بعد ایف سی اہلکاروں نے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی تاہم راستے کی دشواری کے سبب اس مقام پر نہ پہنچ سکے جہاں عوام کی اکثریت ہفتے کی رات سے مدد کی منتظر تھی۔

دوسری جانب ضلع چاغی کے ڈپٹی کمشنر فتح خان کجک کا کہنا تھا کہ جب وہ لیویز اہلکاروں کے ہمراہ 13 افراد کو ریسکیو کرنے کچھر پہنچے تو ان کی اپنی گاڑیاں بھی راستے میں پھنس گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’کئی افراد اپنی گاڑیوں میں اب بھی امداد کا انتظار کررہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ان علاقوں تک ہیلی کاپٹر کے علاوہ پہنچنا ممکن نہیں، انہوں نے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کردی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button