ڈی آئی خان دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا
ڈیرہ اسماعیل خان بم دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 تک پہنچ گئی۔
ٹانک اڈہ میں ہونے والے بم دھماکے کا ایک اور زخمی وقاص محسود بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔ وقاص محسود کی نماز جنازہ آڑہ قبرستان میں ادا کر دی گئی۔ واقعے میں زخمی وقاص محسود تین دن زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج زندگی کی بازی ہار گیا۔
یاد رہے جمعے کے روز ٹانک اڈے میں پولیس وین کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ دھماکے میں اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹانک اڈہ پر ایلیٹ فورس کی نفری لے جانے والی گاڑی کو نامعلوم افراد کی طرف سے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان سے ایلیٹ فورس کی نفری ٹکواڑہ چیک پوسٹ کے لیے جا رہی تھی کہ ٹانک اڈہ کے قریب پولیس وین کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔