جرائم

تحریک طالبان پاکستان لکی مروت کا کمانڈر افغانستان میں مارا گیا

 

غلام اکبر مروت

تحریک طالبان پاکستان لکی مروت کے کمانڈر ٹیپو گل کو افغانستان میں فائرنگ کرکے مار دیا گیا۔ افغانستان سے آمدہ اطلاعات کے مطابق اس کو گزشتہ روز صوبہ کنڑ میں مارا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے ذرائع نے اس کی تصویر فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیپوگل کو سیلاب نامی کمانڈر نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔
تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے عتیق الرحمن علاقے میں ٹیپوگل کے نام سے جانے جاتے تھے۔ وہ تحریک طالبان پاکستان لکی مروت کے امیر تھے اور ٹیپوگل کے نام سے مشہور تھے۔

اس سلسلے میں ٹی ٹی پی کے مصدقہ ذرائع نے ٹی این این کو بتایا کہ کمانڈر ٹیپو گل کو افغانستان کے صوبہ کنڑ میں مارا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور جلد ہی اصل کردار کو سامنے لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹی پی نے لکی مروت میں ٹیپوگل کاروان کے نام سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر درجنوں حملے کئے ہیں۔
امسال 8 فروری 2023 کو لکی مروت پولیس نے پک اپ گاڑی میں ٹانک جانے والے ٹی ٹی پی کے ایک گروپ کو راکٹ سے نشانہ بنایا تھا جس میں 12 طالبان جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ اگلے روز عتیق الرحمن المعروف ٹیپوگل کا اسلحہ لائسنس ادھ جلا ملا تھا۔ جس سے اس بات کو شہہ مل رہی تھی کہ جاں بحق ہونے والوں میں ٹیپوگل کمانڈر بھی شامل تھا تاہم ٹی ٹی پی نے ہمیشہ اس کی تر دید کی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button