کرک میں گیس بندش کے خلاف خواتین کا احتجاجی کیمپ
کرک میں گیس کی عدم دستیابی کے خلاف خواتین سڑک پر نکل آئیں۔ سٹی خواتین نے ٹینٹ لگا کر انڈس ہائی وے کو تنگوڑی چوک کے مقام پر بلاک کردیا ہے۔ انڈس ہائی وے بندش سے ٹریفک معطل ہوگئی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہے۔
خواتین نے شہر میں فوری طور پر مکمل پریشر کے ساتھ گیس فراہمی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں شریک ایک خاتون نے ٹی این این کو بتایا کہ انکے علاقے میں نہ تو گیس ہے اور نہ ہی بجلی جس کی وجہ سے انکو بہت سارے مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرمی کا موسم ہے جس میں بجلی کے بغیر گزارہ ممکن نہیں لیکن انکے علاقے میں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی نہیں ہوتی اور گیس بھی ایک سال سے کاٹ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ نہیں کرسکتی کہ کھانا بنائے، انکی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔
خاتون نے کہا کہ اس گرمی میں گھر سے نکلنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن وہ انتہائی مجبوری کی وجہ سے گھروں سے نکلی ہیں کیونکہ گیس اور بجلی کے بغیر روزمرہ کے کام کاج کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں گیس پائپ لائن آجاتی ہے لیکن دوبارہ ہٹا دی جاتی ہے جبکہ ڈی سی اور اے سی بھی انکے اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دے رہے۔
ایک دوسری خاتون نے بتایا کہ گیس کرک میں پیدا ہوتی ہے اس کے باوجود کرک کے عوام اسکی سہولت سے محروم ہے جبکہ ملک کے باقی حصوں میں گیس موجود ہے۔ احتجاج کرنے والی خواتین نے کہا ہے کہ جب تک انکے مطالبات مان نہیں لیے جاتے تب تک انکا احتجاج جاری رہے گا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق کرک سٹی کو گیس کی سپلائی قریبا ایک سال سے بند ہے اور محکمے کا کہنا ہے کہ اس علاقے کے لوگ گیس کے بل جمع نہیں کرتے جس کی وجہ سے انکی گیس کاٹ دی گئی ہے۔