خیبر پختونخوا

ڈبلیو ایس ایس پی کی یکہ توت پشاور میں ماڈل گلی

واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے کمیونٹی کے اشتراک سے یونین کونسل یکہ توت میں قاضی نور سٹریٹ کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے ماڈل گلی بنا لیا جہاں عوام کے تعاون سے پھولوں کے گملے رکھے گئے ہیں، چونا ڈالا گیا ہے جبکہ عوام گلی کی صفائی برقرار رکھنے کے لئے عملے سے تعاون کر رہے ہیں۔

قبل ازیں ڈبلیو ایس ایس پی کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ افسران نے گلی میں آگاہی مہم چلائی جس میں لوگوں کو صفائی کے عملے سے تعاون پر قائل کیا گیا۔

ترجمان ڈبلیو ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ یہ کمیونٹی اور ڈبلیو ایس ایس پی کی مشترکہ کاوش ہے جس کا مقصد عوام کو ادارے کے ساتھ ملا کر ذمہ داری پوری کرنا ہے، عوام کو آگاہی دے کر انہیں دن میں صرف ایک بار مقررہ وقت پر گھروں سے کوڑا کرکٹ اور گندگی نکالنے پر قائل کیا گیا ہے جسے ڈبلیو ایس ایس پی عملہ بروقت اٹھا رہا ہے، عوام کو جگہ جگہ گندگی پھینکنے سے گریز کی ترغیب بھی دی گئی ہے، گلی میں چھوٹے کوڑا دان رکھے گئے ہیں جبکہ لوگ رضاکارانہ طور پر تھیلے اور ڈبوں میں کوڑا ڈال کر گھروں کے سامنے رکھ رہے ہیں جسے مقررہ وقت پر اٹھا کر تلف کیا جاتا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈبلیو ایس ایس پی نے ہر یونین کونسل میں ماڈل گلی بنانے کی منصوبہ بند کر رکھی ہے جبکہ گلی محلوں میں گندگی پھینکنے کی روک تھام کے لئے ہر علاقے میں چھوٹے کوڑا دان رکھے جائیں گے جس کا آغاز آج گلبہار سے کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق یونیسف کے تعاون سے عوامی آگاہی کے جامع پلان پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے اشتراک سے شہر بھر میں سیشن منعقد کرائے جا رہے ہیں جس کا مقصد لوگوں کے رویوں میں تبدیلی لا کر گندگی کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانا اور پانی کے صرف ضرورت کے لئے استعمال یقینی بنانا ہے، ”اس سلسلے میں علماء، اساتذہ اور معاشرے میں اثر رسوخ رکھنے والے لوگوں کی خدمات سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔”

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button