قبائلی اضلاع

سالانہ ترقیاتی پروگرام: ضم اضلاع میں امسال 24 ارب خرچ ہوں گے

خیبر پختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 کے تحت 17.9 بلین روپے خرچ کئے  گئے جبکہ سال 2021-22 میں 24 بلین روپے خرچ کئے جائیں گے، اسی طرح ضم اضلاع کیلئے ایکسلی ریٹڈ ایمپلی منٹیشن پروگرام (اے آئی پی) کے تحت سال 2020-21 میں 27.3 بلین روپے ریلیز کئے گئے جبکہ سال 2021-22 میں 36 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

منگل کو اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت کمیٹی چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی محمد شفیق آفریدی نے کی۔ سیکٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقی نے اجلاس کے شرکاء کو حکومت خیبر پختونخوا کی پراجیکٹ پالیسی، عملہ کی تقرری، سالانہ ترقیاتی پروگرام ترتیب دینے کا طریقہ کار اور پالیسی، ضم اضلاع کیلیۓ مختص شدہ ترقیاتی فنڈز اور اس کے استعمال کی تفصیل سمیت مذکورہ اضلاع کیلیۓ ایکسلی ریٹڈ ایمپلی منٹیشن پروگرام (اے آئی پی) میں منصوبے شامل کرنے کے فارمولے، پالیسی اور فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر کمیٹی چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی محمد شفیق آفریدی نے انتظامی افسران کو سالانہ ترقیاتی منصوبوں کیلیۓ کام کی نوعیت کے مطابق فنڈز ریلیز کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ ایک وقت میں کئی منصوبے جاری رکھنے کیلئے فنڈز فراہمی کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔

اجلاس میں ایم پی اے عنایت اللہ نے سرکاری پراجیکٹس ملازمین کی مستقلی کیلئے راہ ہموار کرنے اور اس ضمن میں ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔ اس دوران ایم پی اے شاہ فیصل خان نے قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقی کا ہنگو میں جوڈیشل کمپلیکس اور جیل تعمیر منصوبہ سمیت سمانا روڈ، ایم پی ایز آسیہ صالح خٹک اور ظفر اعظم نے کرک میں لواغر اور چنغوز ڈیم جبکہ ایم پی اے پختون یار خان نے بنوں میں چک گارڈن تا اسمعیل خیل اور مندان ککی سڑکوں کے منصوبوں کا دورہ کرنے کی بھی تجاویز پیش کیں جس پر چیئرمین محمد شفیق آفریدی نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کی انتظامیہ کو مذکورہ منصوبوں سے متعلق اگلے کمیٹی اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوۓ کہا کہ رپورٹس کی موصولی پر اگر معزز ممبران مطمئن نہ ہوئے تو تب کمیٹی مذکورہ منصوبوں کا دورہ بھی کرے گی۔

انہوں نے انتظامی افسران کو ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی سختی سے مانیٹرنگ کرنے اور جزا و سزاء کا عمل یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین قائمہ کمیٹی محمد شفیق آفریدی نے تمام ممبرانِ کمیٹی اور انتظامی افسران کی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اجلاس کے شرکاء میں ممبران قائمہ کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھا، ظفر اعظم، امجد خان آفریدی، شاہ فیصل خان، محمد ریاض، پختون یارخان اور آسیہ صالح خٹک کے علاوہ نصیر اللہ خان شامل تھے جبکہ عنایت اللہ کی بطور محرک شرکت سمیت اجلاس میں سیکٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقی، ایڈیشنل سیکرٹری اسٹبلیشمنٹ اور اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل بھی شریک ہوئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button