صوابی کچہری میں اسلحہ لے جانے والی دو خواتین گرفتار
کچہری ضلع صوابی میں اسلحے کے ساتھ داخل ہونے والی دو خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان کے مطابق ضلعی عدالت میں دو خواتین اسلحے کے ساتھ داخل ہوئیں جنہیں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا، گرفتار کی گئیں خواتین کی شناخت رشیدہ زوجہ لیاقت اور زرمینہ دختر امان اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ زرمینہ کا شوہر امان اللہ جیل میں ہے جس کی آج پیشی تھی، اور دونوں خواتین اس سے ملاقات کے لئے آئی تھیں، امان اللہ کی محمد ریاض نامی شخص کے ساتھ خونی دشمنی تھی، اور آج اس نے بھی عدالت میں پیش ہونا تھا۔ دونوں خواتین کے پاس دو لوڈڈ پستول اور 29 گولیاں تھیں جو ممکنہ طور پر قتل کے منصوبے میں استعمال کیا جانا تھا۔
ڈی پی او کے مطابق زرمینہ نامی خاتون کے شوہر کے فریقین ریاض اور اس کے ساتھی جوڈیشل کمپلیکس شاہ منصور میں داخل ہوئے تو دونوں خواتین نے بھی اندر جانے کی کوشش کی، تاہم جب لیڈی پولیس اہلکار نے ان کی تلاشی لی تو دونوں کے پاس دو 30 بور پسٹل اور 29 گولیاں تھیں، جس پر موقع پر موجود ڈی ایس پی صوابی سٹی بشیر احمد یوسفزئی اور ایس ایچ او زیدہ انسپکٹر شفیع الرحمن نے لیڈی پولیس کانسٹیبلز کی مدد سے دونوں خواتین کو گرفتار کر لیا، خواتین کے خلاف ایس آئی اختر منیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔