نوشہرہ: ناکام بینک ڈکیتی کے دوران زخمی ہونے والے ملزم کی لاش مل گئی
نوشہرہ میں ناکام بینک ڈکیتی کے دوران بینک سیکورٹی گارڈ اور پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ملزم کی لاش برآمد ہوگئی۔
جمعرات کے روز بینک ڈکیتی کے دوران ڈاکووں کا ساتھی زخمی ہو کر ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو گیا تھا۔ شاد علی خان SHO پبی کی سربراہی میں ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشنز جاری تھی ۔پولیس کو قاسم علی بیگ (تاروجبہ)کے خوڑ سے زخمی ملزم ڈاکو کی لاش مل گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت یوسف خان ساکن کوہاٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک ڈکیت گروہ کا تعلق مبینہ طور پر کالعدم تنظیم سے ہے۔
یاد رہے نوشہرہ پبی میں بازار میں ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا تھا۔ اس دوران پولیس اور سیکورٹی گارڈ اور ڈاکوں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، نوشہرہ ڈاکووں کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہوا تھا۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق مسلح ڈاکو زخمی ڈاکو کو ساتھ فرار ہورہے تھے کہ پولیس نے ایک ڈاکو کو جان پر کھیل کر اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔
نوشہرہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد اقبال کے مطابق چار مسلح نقاب پوش ڈاکووں نے پبی میں بازار میں قائم بینک الحبیب میں ڈکیتی کی کوشش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ بینک کے عملے اور بینک میں موجود صارفین کو گن پوائنٹ پر یرغمال بناتے ہوئے دو کروڑ دس لاکھ روپے لوٹ لیے گئے لیکن سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے رقم چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے جبکہ انکے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا تھا اور ایک کی لاش جمعہ کے روز ملی۔