ڈبلیو ایس ایس پی نے ”صاف سڑکیں” آگاہی مہم کا آغاز کر دیا
واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے صاف سڑکیں مہم کا آغاز کر دیا۔
اس حوالے سے محکمہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ڈیڈک کے چیئرمین ارباب جہانداد خان، ایم پی اے محمد آصف خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی ڈاکٹر حسن ناصر اور ڈی آئی جی موٹر وے پولیس اشفاق احمد نے موٹر وے ٹول پلازہ پشاور پر مہم کا افتتاح کیا اور موٹر وے داخل ہونے والی گاڑیوں میں بیٹھے افراد میں آگاہی مواد، چھوٹا کوڑا دان اور بچوں میں ٹافیاں تقسیم کیں، آگاہی واک بھی نکالی گئی۔
مہم کے دوران پشاور اور موٹرے وے داخل ہونے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور سواریوں میں سڑکوں پر گندگی نہ پھینکنے کے لئے آگاہی پھیلائی جائے گی، مہم کے تحت ہفتے میں ایک روز پشاور ٹول پلازے پر ڈرائیوروں اور سواریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے جائیں گے، آگاہی کے لئے ٹول پلازے پر آگاہی بینرز اور سٹیمرز بھی نصب کئے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں ڈبلیو ایس ایس پی اور موٹر وے پولیس حکام نے ڈرائیوروں، سواریوں اور عام افراد میں سڑکوں کی صفائی برقرار رکھنے میں تعاون کرنے کے لئے آگاہی مواد تقسیم کیا جبکہ ڈبلیو ایس ایس پی عملے نے ٹول پلازے کو صاف کیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈیڈک چیئرمین ارباب جہانداد خان نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی شہر کی صفائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، موٹر وے پولیس کے ساتھ سڑکوں کو صاف رکھنے کے لئے اشتراک اہم اقدام ہے جس میں ہر قسم تعاون کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں سے شہر کی سڑکوں پر آنے والی گاڑیاں گندگی پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں اس عمل کی روک تھام کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے گی جس کے بعد کارروائی ہو گی، ”ماحول کو صاف رکھنے کے لئے محکمہ ماحولیات کو بھی مزید متحرک ہونے کا کہا ہے ، قانون کی عملدرآمد میں دقت آرہی ہے تاہم حکومت ایسا قانون لا رہی ہے جس میں لوگوں کو گھروں کے باہر جگہوئوں کو صاف رکھنے کا کہا جائے گا۔”
ایم پی اے محمد آصف نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی کو شہری یونین کونسلوں کے ساتھ ملحق دیہی علاقوں کی صفائی حوالے کرنے پر کام ہو رہا ہے، دیہی علاقوں میں ٹی ایم ایز کام کر رہی ہیں جنہیں مشینری فراہم کی جائے گی۔
ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر نے کہا کہ سڑکیں اور شاہراہیں قومی اثاثہ ہیں انہیں صاف رکھنا اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کی بھی ذمہ داری ہے، مہم میں ڈرائیوروں اور سواریوں کا موٹروے اور سڑکوں پر گندگی پھینکنے کے عمل کے انسداد کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کمیونٹی میںشعور اجاگر کرنا ڈبلیو ایس ایس پی کے مینڈیٹ کا باقاعدہ حصہ ہے، مہم میں ڈبلیو ایس ایس پی اور موٹرے وے کی ٹیمیں ٹول پلازوں پر ڈرائیوروں اور سواریوں میں آگاہی پھیلائیں گی۔
ڈی آئی جی اشفاق احمد نے کہا کہ سڑکوں کو صاف رکھنے میں ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ ہر قسم تعاون کریں گے اور مہم میں لوگوں کو سڑکوں پر گندگی نہ پھینکنے کی ترغیب دی جائے گی۔