پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے اضافے کا امکان
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کی تجویز دے دی۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے7پیسے اضافے کی تجویز دی ہے، جس کی سمری پیڑولیم ڈویژن کو ارسال کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے ڈیزل کی فی لیٹرقیمت میں 19 روپے 61 پیسے اضافے کی تجویز دی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی مجوزہ قیمتوں کا تعین 30 روپے فی لیٹرلیوی کی بنیاد پر کیا گیا ہے، فی لیٹر پیٹرول پر موجودہ عائد لیوی 17 روپے 97 پیسے جب کہ فی لیٹر ڈیزل پر موجودہ عائد لیوی 18 روپے 36 پیسے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے تاہم وزارت خزانہ حتمی فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فروری کے وسط میں وزیرِ اعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں مجوزہ اضافے کی تجویز مسترد کر دی تھی۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اوگرا سے جواب طلب کر لیا۔
جمعہ 26 فروری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت کب جواب دے گی، کیوں قیمتیں بڑھا رہے ہیں؟
وزارت خزانہ نے قیمتوں میں اضافے سے متعلق عدالت میں جواب جمع کروایا جس میں کہا کہ قیمت کا تعین اوگرا کرتی ہے۔
ایڈوکیٹ عرفان عزیز نے عدالت کو بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔
سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے اوگرا سے جواب طلب کرتے ہوئے یکم اپریل کو قیمتوں کے تعین کا طریقہ بھی بتانے کا حکم دے دیا۔
ادھر عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا نے حکومت کی جانب سے مجوزہ اضافے کو مسترد کر دیا ہے، پارٹی کی ترجمان ثمرہارون بلور نے کہا ہے کہ اوگرا کی ایک ماہ میں تین بار سمری شرمناک اور ڈرامہ بازی ہے، حکومت کے مثبت ڈراموں کیلئے اوگرا ہر ماہ 20روپے تجویز کرتی ہے اور تاثر جاتی ہے کہ صرف دو، تین روپے اضافہ کیا گیا۔
باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کی صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور نے کہا کہ نئے پاکستان میں عوام پر عذاب کے نئے طریقے اپنائے جا رہے ہیں، نئے پاکستان میں عوام کو ہر ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تحفہ تین بار دیا جاتا ہے، نااہل حکمران ڈھٹائی سے غریب کُش پالیسی پر عمل پیرا ہے، عوام کو اب ان کے خلاف نکلنا ہو گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بھی بنتی ہے۔