پی ٹی آئی حکومت میں کرپشن بڑھ گئی ہے،لیاقت خٹک
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر لیاقت خٹک نے کہا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے لیکن موجودہ خیبرپختونخوا حکومت میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی اور سابق وزیر آبپاشی لیاقت خٹک نے کہا کہ اگر میں یہ کہوں کہ کرپشن نہیں ہورہی ہے تو یہ عمران خان کے ساتھ غداری ہوگی۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے لیاقت خٹک نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں مختلف اداروں میں کرپشن بڑھ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیردفاع پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک سے وزارت چِھن گئی
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حقیقت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی وزارت میں کرپٹ لوگوں کی نشاندہی کی جو کہ ریکارڈ پر موجود ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک سے چار دن قبل وزارت کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔ یہ اقدام نوشہرہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی شکست کے بعد اٹھایا گیا تھا۔ اس نشست پر ن لیگ کے امیدوار اختیار ولی کامیاب قرار پائے ہیں۔
بدعنوانی کے خلاف سرگرم بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے چار ہفتے قبل گلوبل کرپشن انڈیکس جاری کیا تھا جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی ہے۔