قومی

مزید 64 افراد جاں بحق، کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کو پہنچنے کا امکان

ملک میں کورونا سے مزید 64 افراد انتقال کر گئے اور 1910 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40821 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1910 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 64 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت آنے کی شرح 4.67 فیصد رہی، ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 11514 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 39387 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 33295 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2371 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 94578 ہو گئی ہے۔

صوبوں کی صورتحال

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 243683 ہو گئی ہے جب کہ 3957 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 155805ہے اور 4661 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18788 اور ہلاکتیں 193 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 66198 اور 1870ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8931 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 259 افراد انتقال کر گئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4906 اور 102 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 41076 ہے اور اب تک 472 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

کورنا ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کو پاکستان پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے

کورنا ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتہ کے روز پاکستان پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے، قومی ایئر لائن کے ذریعے کورونا ویکسین پاکستان لائی جاے گی، پی آئی اے خصوصی بوئنگ 777طیارہ چین کی جانب سے عطیہ کی گئی 5 لاکھ ویکسین وائلز پاکستان پہنچائے گا۔

حکام وزارت صحت کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ جمعہ کو ویکسین لینے بیجنگ روانہ ہو گا، ایئرپورٹس سے ویکسین کاروں اور دیگر ٹرانسپورٹس کے ذریعے مختلف ہسپتالوں میں تقسیم کی جائے گی۔

حکام وزارت صحت کے مطابق چائنہ سے آنے والی 5 لاکھ ویکسین صرف فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائے گی، آئندہ ہفتے سے ویکسین فرنٹ لائن ورکرز کو بازو میں لگنا شروع ہو جائے گی، پرائویٹ سیکٹر میں پاکستان میں آئندہ 5 ماہ تک بھی ویکسین کے پہنچ جانے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button