قبائلی اضلاع

کالعدم لشکر اسلام کے امیر منگل باغ اپنے ہی بم کا نشانہ بن گئے؟

کالعدم لشکر اسلام کے امیر منگل باغ مبینہ طور پر ایک بم دھماکے میں دو ساتھیوں سمیت کام آ گئے۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل باغ ننگرہار کے ضلع اچین میں بندر درہ نامی علاقے میں سڑک کنارے نصب بم کا نشانہ بنے ہیں، وقوعہ میں ان کے علاوہ دو اہم کمانڈر بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ کالعدم لشکر اسلام کے امیر اپنے ہی نصب کردہ بم کی زد میں آئے ہیں جو اسی علاقے میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں افغان حکومت کو مطلوب تھے۔

یاد رہے کہ کالعدم لشکر اسلام کی بنیاد دو ہزار چار (2004) میں مفتی منیر شاکر نامی ایک عالم دین نے رکھی تھی، منگل باغ جس کے موجودہ سربراہ تھے، مذکورہ عسکریت پسند گروپ ضلع خیبر میں سرگرم عمل تھا جس نے فوج آپریشن سے قبل وہاں ریاست کے اندر اپنی ایک ریاست قائم کر لی تھی۔

آپریشن خیبر ون کی وجہ سے لشکر اسلام کے امیر منگل باغ اپنے جنگجوؤں کے ہمراہ افغانستان چلے گئے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ مارچ 2018 میں امریکی حکومت نے منگل باغ کے بارے میں خبر دینے والے کے لیے 30 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button