خیبر پختونخوافیچرز اور انٹرویو

شانگلہ کے ہوٹل مزدور کا بیٹا لاہور قلندرز کا حصہ کیسے بنا؟

نصیب یار چغرزے

ضلع شانگلہ سے تعلق رکھنے والے زید عالم لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے ہیں، زید عالم کا تعلق شانگلہ کی یونین کونسل چوگا سے ہے، ان کا گاؤں بونیر اور شانگلہ کے بارڈر پر واقع ہے۔ زید عالم پنجاب کے شہر لاھور میں رہتے ہیں۔ ان کے والد عالم خان گزشتہ کئی برسوں سے لاھور کے اندرون شہر انار کلی میں چائے کا ہوٹل چلاتے ہیں۔

زید عالم بھی اپنے والد اور بھائیوں کے ہمراہ فارغ وقت میں ہوٹل میں ان کا ہاتھ بٹاتا تھا، زید عالم نے کرکٹ کا آغاز اردو بازار کے قریب پارک سے کیا تھا جہاں وہ ٹیپ بال پر کھیلتا، جب اردو بازار میں قائم سکول گورنمنٹ قلعہ لچمن سنگھ ہائی سکول میں پڑھنے جاتا تو اس وقت ایک استاد نے جب زید عالم کا کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ دیکھا تو انہوں نے اسے مشورہ دیا کہ آپ کرکٹ ہی کھیلا کرو ـ

زید عالم کہتے ہیں میرے ساتھ میرے بھائیوں میں سب سے زیادہ ساتھ بڑے بھائی محمد عالم نے دیا ہے اور والد صاحب نے بھی مجھے ہر وقت داد دی ہے "بھائیوں اور والد نے میری ہر وقت حوصلہ افزائی کی ہے۔”

زید عالم نے پہلی مرتبہ ایشیاء کپ میں پاکستان انڈر 19 کی نمائندگی کی اور ڈیبیو پر 32 بال پر پچاس رنز بنائے، اس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 128 رنز بنائے اور مین آف دی سیریز رہے، زید عالم کی سنچری اب تک پاکستان کے کسی بھی انڈر 19 کی پہلی سنچری ہے۔ اس کے بعد ورلڈ کپ کھیلے 2017/18 میں اور پھر نیپال میں پخارا پریمئر لیگ میں برتھ نگر ٹائیٹن کی نمائندگی کی اور لگاتار 4 ففٹی سکور کرتے ہوئے کامیاب پلئیر رہے۔ اس کے بعد دو سال سے ناردرن الیون کی نمائندگی کر رہے ہیں ـ

لاھور قلندرز میں زید عالم کا نام آنے پر شانگلہ کے ساتھ ساتھ بونیر کے عوام بھی خوش ہیں اور زید عالم کے بڑے بھائی محمد عالم کو مبارکباد پیش کرتے سوشل میڈیا پر نظر آ رہے ہیں، سوشل میڈیا پر زید عالم کی سلیکشن کے بعد علاقہ چغرزی اور شانگلہ کے عوام زیادہ خوش نظر آرہے ہیں۔

زید عالم کی سلیکشن پر سب سے زیادہ خوش ہونے والا انسان اس کا بڑا بھائی محمد عالم ہے جنھوں نے اپنے فیس بک اکاونٹ سے پہلی پوسٹ میں کہا ہے کہ شانگلہ اور بونیر کو میں اپنا پہلا گھر اور لاھور کو دوسرا گھر سمجھتا ہوں اس لیے شانگلہ، بونیر اور لاھور کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

جب محمد عالم نے فون پر بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ آج میری خوشی کی انتہا نہیں یے میں آج اللہ کا جتنا بھی شکر ادا کروں تو کم ہو گا، محمد عالم کہتے ہیں کہ لاھور قلندرز کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے میرٹ کی پاسداری کرتے ہوئے زید عالم کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایاـ

یاد رہے کہ زید عالم انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم میں بطور آل راؤنڈر کھیل چکا ہے، اس وقت نوجوان کھلاڑی نے انڈر 19 ٹیم میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی جبکہ وہ انڈر 19 ٹی 20 ٹورنامنٹ میں پنجاب ٹیم کا کپتان بھی رہ چکا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button