شمالی وزیرستان، سپین وام کے عوام برسراحتجاج کیوں؟
سٹیزن جرنلسٹ شاکر خان
شمالی وزیرستان سب ڈویژن میرعلی کی تحصیل سپین وام میں سڑک کے تعمیراتی کام کی بندش کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کیا ہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق میرانشاہ پرس کلب کے سامنے سینکڑوں مظاہرین نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑہ ڈالتے ہوئے بنوں میرانشاہ مین روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سول انتظامیہ کی طرف سے تاحال مذاکرات ناکام ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ ہماری تحصیل سپین وام میں زیر تعمیر روڈ پر بند کام کو دوبارہ شروع کیا جائے۔
مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملک لیاقت علی خان کا کہنا تھا کہ ٹھیکداروں کے مابین اختلافات کی بنا پر کام کو روک دیا گیا ہے جس سے یہاں مقامی آبادی قوم حسن خیل، ٹی ٹی مداخیل اور طوری خیل کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک زرولی خان نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے ترقیاتی منصوبوں میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ضلعی انتظامیہ زیر تعمیر روڈ سپین وام تا ڈانڈی کچ پر دوبارہ کام شروع کرنے کیلئے احکامات جاری کرے۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں پاک افغان شاہرا غلام روڈ پر نا ختم ہونے والا احتجاجی دھرنا دیں گے۔
مظاہرین کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اے ڈی سی دولت خان کی سربراہی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔