صوبہ بلوچستان کے ضلع کچ کی تحصیل تربت میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے خاتون صحافی شاہینہ شاہین کو قتل کر دیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق نامعلوم شخص نے شاہینہ شاہین کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔
شاہینہ شاہین کو ہسپتال لانے والی گاڑی کے مالک گاڑی چھوڑ کر ہسپتال سے فرار ہو گئے، پولیس نے گاڑی کو قبضہ میں لے لیا، پولیس کے مطابق مقتولہ کو دو گولیاں لگی ہیں۔
پولیس کے مطابق شاہینہ شاہین کے قتل کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہ ہو سکیں۔
واضح رہے کہ شاہینہ شاہین پی ٹی وی پر پروگراموں کی میزبانی بھی کرتی تھیں اور ایک بلوچی میگزین ”دزگہار“(سہیلی) کی مدیر بھی تھیں، وہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں، شاہینہ شاہین آرٹ (مصوری) سے بھی منسلک تھیں۔