مہمند وکلاء کو فرنیچر تو ملا مگر رکھنے کیلئے بار روم ہی نہیں

 

غلنئی جرگہ ہال میں مہمند وکلاء بار ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد آمین جان کنڈی نے گیارہ رکنی کابینہ سے حلف لیا۔

تقریب میں خیبر پختونخواہ بار کونسل کے وائس چیئرمین شاہد ملک، یو این ڈی پی خیبر پختونخواہ کے لیگل ایڈوائزر خوشنود ذاکراللہ، اے سی بائیزئی عبدالوہاب خلیل، ڈی ایس پی لیاقت علی، ڈسٹرکٹ کورٹ جج صاحبان اور بار ایسوسی ایشن کے وکلاء شریک ہوئے۔

نئی کابینہ میں گل رحمان مہمند صدر، حبیب اللہ نائب صدر، رضا خان صافی جنرل سیکرٹری، ولی خان مہمند پریس سیکرٹری، مصور شاہ فنانس، گل بشر جائنٹ سیکرٹری اور محسن خان مہمند لائبریری سیکرٹری جبکہ عمر فاروق مہمند، صالح رضا صافی، زاہدخان اور اسرار الدین کابینہ کے دوسرے ممبران چن لئے گئے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد آمین جان کنڈی نے نومنتخب کابینہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں عوام عدالتی نظام سے واقف نہیں اس لئے بار اور بنچ عوام کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔

اس موقع پر مہمند وکلاء بار ایسوسی ایشن کے نئے صدر گل رحمان مہمند نے کہا کہ ہم مختلف مسائل کے شکار ہیں، وکلاء کیلئے تاحال کوئی بار روم موجود نہیں، یو این ڈی پی کی جانب سے فراہم کردہ فرنیچر کیلئے ہمارے پاس کوئی جگہ موجود نہیں، فرنیچر ہم نے پرائیوٹ جگہ میں رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کورٹ اور پولیس فورس میں زنانہ اہلکار موجود نہیں جبکہ لینڈ ریوینیو ریکارڈ کی عدم موجودگی کی وجہ سے وکلاء گوں ناگوں مسائل کا شکار ہیں، حکومت کی طرف سے ہمارے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا جا رہا جبکہ نئے ضم شدہ اضلاع کو خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

پروگرام کے آخر میں یو این ڈی پی کے لیگل ایڈوائیزر بی بی خوشنود ذاکراللہ نے اخباری نمائندوں کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یو این ڈی پی کا قبائلی کورٹس کے ساتھ تعاون جاری ہے، مہمند ڈسٹرکٹ کورٹ اور بار کو فرنیچر فراہم کیا جبکہ خیبر اور باجوڑ ضلع کو لائبریری فراہم کرنے کے بعد آئندہ ماہ مہمند ڈسٹرکٹ کورٹ کو بھی لائبریری دیں گے۔

Show More

جواب دیں

Back to top button
Close