بس حادثوں کے بعد اب بی آر ٹی کا آن لائن سسٹم بیٹھ گیا
عثمان خان
پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سٹیشنوں میں پیمنٹ مشین خراب ہونے کی وجہ سے مسافر مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ بس انتظامیہ نے زو کارڈ کے بغیر مسافروں کو سروس استعمال نہ کرنے کی انتباہ جاری کی ہے۔
جس روز سے بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح ہوا ہے تو آئے دن کوئی نہ کوئی مسئلہ سامنے آ جاتا ہے جس کی وجہ سے پشاور کے باسی انتہائی مشکلات کے شکار ہیں۔
ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت میں اعجاز لودھی نامی طالبعلم نے کہا آج جب مردان سے حاجی کیپمپ بس اڈہ پہنچا تو اس وقت پریشانی کا شکار ہوا جب بی آر ٹی بس ٹرمینل گیا اور انتظامیہ نے مجھے زو کارڈ کے بغیر سفر کرنے سے منع کر دیا اور پوچھنے پر بتایا گیا کہ ٹکٹ مشین خراب ہونے کی وجہ سے آج ٹوکن پر سفر کی سہولت موجود نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
حیات آباد فیڈر روٹس بحال کرنے کا فیصلہ
بی آر ٹی کی چلتی بس میں آگ لگ گئی
بارش سے بی آر ٹی سٹیشنوں کی چھتیں ٹپکنے لگیں
اعجاز لودھی کے مطابق میرے علاوہ اور بھی درجنوں افراد، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ افراد شامل تھے، بھی اس گرمی کے موسم میں مشین خراب ہونے کی وجہ سے مایوس لوٹے۔
ایک اور مسافر روحیل خان نے کہا کے بی آر ٹی کی نااہل انتظامیہ کی وجہ سے ہر روز ایک نیا ڈرامہ رونما ہوتا ہے جس کی وجہ سے ایک ہنگامہ کھڑا ہوتا ہے، اور آج بھی ٹکٹ مشین کی خرابی کی وجہ سے بی آر ٹی کے ہر ٹرمینل پر سینکڑوں مسافر سفر کی سہولت سے محروم ہوئے ہیں، اور اسی باعث ابتدا کے دنوں میں ہی عام لوگوں کا بس منصوبے سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ مسافر یہ الزام بھی لگا رہے ہیں کہ آج بس سروس بھی سست روی کا شکار ہے اور تقریباً چھ منٹ بعد بس آتی ہے جس کی وجہ سے سٹیشنوں میں رش بن جاتا ہے۔
دوسری جانب ٹی این این کے ساتھ بات چیت میں بی آر ٹی کے ترجمان فیاض خان نے کہا کہ سسٹم ڈاؤن ہونے کی وجہ سے ٹوکن کا نظام منقطع ہوا ہے، اور ماہرین سسٹم بحالی پر کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ ایک گھنٹے میں ٹوکن نظام بحال ہو جائے گا۔
بسوں کی کمی کے حوالے سے بی آر ٹی ترجمان نے بتایا کہ ہمیں بسوں کی کمی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تاہم اس حوالے سے ہم تمام ٹرمینل سے رابطے میں ہیں، ان کے مطابق ابھی ہمارے روٹ پر چھیانوے بسیں رواں دواں ہیں۔
بی آر ٹی حادثات پر ایک نظر
خیال رہے کہ 13 اگست کو بی آر ٹی کے افتتاح کے بعد سے اب تک کئی بسوں میں خرابی سامنے آچکی ہے۔ افتتاح کے دوسرے ہی دن منصوبے کا ایک بس ملک سعد شہید اسٹیشن کے قریب راستے میں خراب ہوا تھا جہاں سے مسافروں پیدل سٹیشن چلنے پر مجبور ہوگئے تھے۔ گزشتہ ہفتے منصوبے کے سٹیشن نمبر 28 حیات اباد میں ایک چلتی پر آگ لگ کئی تھی تا ہم خوقسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ حادثے کے بعد صوبائی حکومت نے انکوائری کمیٹی بنائی قائم کئی تھی اور چند دنوں میں وجوہات سامنے لانے کا دعوہ کیا تھا۔
منصوبے کے آغاز کے بعد دوسرے ہی ہفتے گلبہار سٹیشن کے قریب دوسرا بس بھی بیچ راستے خراب ہوگیا تھا جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک بس سروس معطل رہی تھی۔
چند دن پہلے بارش کے دوران بھی حیات آباد کے دو سٹیشنز میں پانی ٹپکنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ 70 ارب روپے سے زائد کی لاگت میں بننے والے اس منصوبے میں آئے روز مسئلے آنے پر نہ صرف حکومت مخالف سیاسی پارٹیاں بلکہ عام لوگ بھی تنقید کر رہے ہیں
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 13 اگست کو خیبرپختونخوا حکومت کے میگا پراجیکٹ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کا افتتاح کیا تھا۔