قبائلی اضلاع

کرم، طوری مارکیٹ بم دھماکے کا زخمی زخموں کی تاب نہ لا کر شہید

ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار میں ہونے والے بم دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا۔

یاد رہے کہ 23 جولائی 2020 کو طوری مارکیٹ میں بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں سولہ افراد زخمی ہوئے تھے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے رجب علی زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہو گئے جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے سولہ افراد ابھی تک حکومتی امداد کے منتظر ہیں، اہل علاقہ اور زخمیوں کے لواحقین نے حکومت سے فوری طور پر امدادی پیکج دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

23 جولائی 2020 کو طوری مارکیٹ میں ہونے والے بم دھماکے میں سولہ افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں زیادہ تعداد دیہاڑی دار مزدوروں کی تھی۔ بم دھماکے کے بعد شہریوں کی جانب سے دھرنا شروع جبکہ بار ایسوسی ایشن ضلع کرم نے دھماکے کے خلاف آج عدالتوں سے بائیکاٹ اور ہڑتال کا اعلان کر دیا تھا۔

اہل علاقہ کے مطابق رجب علی انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور علاج معالجہ کی استطاعت نہ رکھنے کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بم دھماکے میں زخمی ہونے والے سولہ افراد دیہاڑی دار مزدور ہیں اور غربت کے باعث علاج معالجے سے محروم ہیں۔

ایچ آر سی پی ضلع کرم کے کوآرڈینیٹر عظمت علی اور پی پی پی ضلع کرم کے صدر جمیل طوری نے کہا کہ حکومت نے جس طرح مختلف قدرتی آفات میں زخمی اور جاں بحق افراد کیلئے گذشتہ روز امدادی چیک تقسیم کئے ہیں اسی طرح ان غریب زخمی مزدور کاروں اور شہید رجب علی کے خاندان کے ساتھ بھی بھر پور مالی امداد کی جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button