کالی بھاڑی مندر میں 14 اگست کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبرپختونخوا میں جشن آزادی کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہے۔ باقی پاکستانیوں کی طرح اقلیتی برادری بھی 14 اگست کو بھرپور طریقے سے منانے کے لیے انتظامات کررہی ہیں اور تقریبات کا انعقاد بھی کررہی ہیں۔
14 اگست کے سلسلے میں گزشتہ شب پشاور میں واقع کالی بھانڑی مندر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد، ایم پی اے روی کمار اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں کرشنا بگوان کے جنم دن کے حوالے سے بھی انتظامات کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران ملک کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیخ کی گئیں۔
اس موقع پر 14 اگست کے حوالے سے خصوصی کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں ایم پی اے روی کمار نے مندر میں تعمیراتی کام کے لیے اعلانات کئے اور مندر میں اتنے اچھے انتظامات کرنے پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد کا شکریہ ادا کیا۔
پشاور میں گردواروں اور کالی بھاڑی مندر کے کیئر ٹیکراشفاق احمد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن طارق وزیر، ڈپٹی سیکرٹری شرائن فراز عباس اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمران خان گوندل کی ہدایات پرعمل درآمد کیا جاتا ہے اور اقلیتی برادری کو ہرقسم کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس تقریب کا انعقاد متروکہ وقف املاک بورڈ نے کیا تھا۔