افغان ٹرانزٹ کی بحالی، پاکستان کا واہگہ بارڈر کھولنے کا فیصلہ
پاکستان نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے واہگہ بارڈر کھولنے کا فیصلہ کر لیا، فیصلہ افغان حکومت کی پاکستان سے خصوصی درخواست پر کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے واہگہ بارڈر کھولا جائے گا، ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت واہگہ بارڈر 15 جولائی سے کھولا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا تناظر میں تمام ایس او پیز پروٹوکولز کا خیال رکھا جائے گا، فیصلہ افغان حکومت کی پاکستان سےخصوصی درخواست پر کیا گیا، پاکستان نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت وعدہ پورا کر دیا۔
ترجمان نے مزید کہا معاہدے کے تحت پاکستان نے باہمی تجارت بحال کر دی ہے، پاکستان، افغانستان کے درمیان کورونا سے پہلے کی پوزیشن پر تجارت بحال ہو گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان شعبوں میں تجارت اور معاہدے کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
خیال رہے پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ پاک افغان بارڈر باب دوستی 22 جون کو دوطرفہ تجارت کےلئے کھل دیا جائے گا، 4 ماہ بعد افغانستان سے پاکستان کو اموال (امپورٹ) بحال ہو جائے گا جبکہ قندہار میں پاکستانی قونصل نے افغان تاجروں کو یقین دہانی کرائی تھی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں طورخم، چمن، غلام خان اور انگور اڈہ کے بعد افغانستان کے ساتھ ضلع کرم کا خرلاچی ٹرمینل بھی تجارت کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔