قبائلی اضلاع

انگور اڈہ کے بعد پاک افغان سرحد خرلاچی کو بھی کھول دیا گیا

طورخم، چمن، غلام خان اور انگور اڈہ کے بعد افغانستان کے ساتھ ضلع کرم کا خرلاچی ٹرمینل بھی تجارت کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا۔

اس حوالے سے پاک فوج کے بریگیڈیئر نجف عباس نے کہا ہے کہ خرلاچی میں بارڈر ماکیٹ اور کلینک کی تعمیر کے ساتھ تمام تر سہولیات دینے کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

تاجر رہنما مصائب حسین کے مطابق کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر خرلاچی افغان بارڈر چار ماہ تک بند رہا جس سے تاجروں اور کاروباری لوگوں کے علاوہ مزدور طبقے کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب بارڈر دوبارہ کھلنے پر بہت خوشی ہوئی ہے۔

صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پاک فوج 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس کا کہنا تھا کہ بارڈر کھولنے کے بعد خرلاچی ٹرمینل پر تجارت شروع ہو گئی ہے اور کورونا وائرس سے بچنے کے لئے تمام تر ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔

بریگیڈیئر نجف عباس کا کہنا تھا کہ خرلاچی بارڈر پر بارڈر مارکیٹ اور کلینک کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور یوٹیلیٹی سٹورز سمیت مختلف وئیر ہاؤسز بھی خرلاچی ٹرمینل پر قائم کرنے کے لئے منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔

تاجر رہنماؤں مبین حسین اور زرتاج علی نے بتایا کہ خرلاچی بارڈر تجارت کے لئے کھولنا خوش آئند اقدام ہے تاہم دوسرے ٹرمینلز کی طرح خرلاچی ٹرمینل آمد و رفت کیلئے بھی کھول دی جائے تاکہ کابل کے قریب ترین خرلاچی کے ٹرمینل کے راستے تجارت کے ساتھ ساتھ آمد و رفت بھی ہوسکے۔

تاجر رہنماؤں نے بارڈر پر بہترین سیکورٹی انتظامات پر فورسز کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز جنوبی وزیرستان میں واقع پاک افغان بارڈر انگور اڈہ گیٹ بھی تجارت و آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button