قومی

پاک ایران سرحد تفتان کو بھی 7 دن کیلئے کھولنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے بند ایران کے ساتھ مغربی سرحد کو 7 روز کیلئے کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزارت داخلہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں سرحدوں کو کھولنے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیے کے مطابق گبد، مند، کٹاگر اور چیدگی کے مقام پر سرحد کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ سرحدیں کل (5 جولائی) صبح سے معمول کے مطابق کھل جائیں گی۔

وزارت داخلہ کے مطابق کورونا ایس اوپیز اور پروٹوکولز کے تحت ان بارڈرز سے صرف تجارت کی اجازت ہو گی، ان سرحدوں سے صرف درآمدات اور برآمدات کی اجازت ہوگی یہ سرحدیں ہفتے میں ساتوں روز کھلی رہیں گی اور تجارت مقررہ وقت پر ہوگی، ان مقامات سے لامحدود ٹرکوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ ایران میں کورونا کیسز بڑھنے کے بعد تفتان بارڈر کو بند کردیا گیا تھا اور ایران سے پاکستان آنے والے زائرین کو پاکستان ہاس میں قرنطینہ میں رکھا جارہا تھا۔

یاد رہے کہ طورخم، غلام خان اور چمن برڈرز کے بعد 2 جولائی کو حکومت پاکستان نے خرلاچی اور انگور اڈہ کی سرحدات بھی کھولنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

افغانستان کیلئے پاکستان کے خصوصی مندوب محمد صادق کے مطابق افغانستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لئے انگور اڈہ اور خرلاچی کے بارڈر پوائنٹس بھی کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، دونوں اطراف سے ضروری انتظامات کے بعد یہ پوائنٹس 12جولائی سے کھول دیئے جائیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button