خیبر پختونخوا

ریل حادثہ، سکھ یاتریوں کی میتیں پشاور پہنچا دی گئیں

حکومت پاکستان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ سِکھ یاتریوں کی میتیں لے کر پی اے ایف بیس پشاور پہنچا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق گزشتہ روز شیخوپورہ کے قریب ٹرین اور کوسٹر کے درمیان خوفناک تصادم میں مرنے والے 21 سِکھ یاتریوں اور ایک ڈرائیور کی میتیں پی اے ایف بیس لاہور سے پشاور منتقل کر دی گئیں۔

لواحقین اپنے عزیزوں کی میتوں کو لینے کی لئے پی اے ایف بیس پشاور پر موجود تھے۔

اس حادثے میں مرنے والوں میں 11 مرد، 10 خواتین اور ایک چار سال کا بچہ شامل ہیں جبکہ 05 زخمی ہسپتال میں زیِر علاج ہیں۔

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں اس اندوہناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی رنج ہے۔

انہوں نے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔

نمائندہ ٹی ن این کے مطابق 19 کے قریب سکھ یاتریوں کی میتیں خیر آباد شمشان گھاٹ لائی گئیں جہاں ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں، رسومات میں سکھ برادری کے کثیر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے محلہ جوگن شاہ میں واقع گوردوارہ کا دورہ کیا اور لواحقین سے تعزیت کی۔

اجمل وزیر کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی دکھ کا اظہار کیا ہے ‘صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر قسم کی مدد کرے گی۔’

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button