خیبرپختونخوا فلورملز ایسوسی ایشن نے پنجاب سے گندم کی خریداری بند کردی
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین حاجی اقبال خان نے کہا ہے کہ صوبائی انتظامیہ کمشنر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے انٹر ڈسٹرکٹ پابندیاں لگا کر فلور ملز مالکان کی پنجاب سے پرائیویٹ طور پر خریدی ہوئی گندم پکڑ کر سرکاری گوداموں میں لے جاتے ہیں۔ فلور ملز مالکان پنجاب سے گندم کی بوری 4800 سو سے 5 ہزارفی بوری خرید کر لاتے ہیں جبکہ صوبائی انتظامیہ وہی گندم فلور ملز مالکان سے سرکاری نرخ3900 فی بوری کے حساب سے زبردستی ہتھیا لیتے ہیں جوکہ خیبر پختونخوا کی فلور ملوں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ گذشتہ روزبھی گندم کے ٹرکوں کو تحویل میں لیاگیا ہے اور یہ الزام لگایا گیا کہ فلور ملز مالکان گندم کی ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں اس لئے گندم تحویل میں لے لی گئی ہے ۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی اقبال نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاروائی صرف فلور ملوں کو بدنام کرنے کے لئے کی جا رہی ہے انتظامیہ جھوٹ بول کر اپنی کارکردگی ظاہر کر رہی ہے۔ چیئرمین حاجی اقبال نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمو خان سے فوری طورپر اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور گندم کے مسئلے پر جامع پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پنجاب سے پرائیویٹ طور پر خریدی ہوئی گندم کے ٹرکوں کو تحویل میں نہ لیا جائے اور محکمہ خوراک کو ہدایت جاری کی جائیں کہ وہ خود اپنے لئے پنجاب کی اوپن مارکیٹ سے گندم خریدیں۔ گندم کی پکڑ دھکڑ کے پیش نظر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی ہدایت پر صوبے کی فلور ملوں نے پنجاب سے گندم خریدنا بند کردیا ہے کیونکہ انتظامیہ فلور ملز مالکان سے پنجاب سے خریدی ہوئی گندم زبردستی اتار کر اپنی تحویل میں لے لیتے ہیں۔
انتظامیہ کے اس رویے کے خلاف پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے بروز پیر 22 جون کو فلور ملز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب سے گندم کی خریداری بند ہونے کے اثرات صوبہ خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا سبب بنے گا۔