شانگلہ میں پل ٹوٹ کردریا میں گرگیا، 50 ہزار آبادی کا دوسرے علاقوں سے رابطہ منقطع
خیبر پختونخوا کے دورافتادہ ضلع شانگلہ میں ایک ماہ کے دوران دوسرا پل ٹوٹ کر دریا میں جا گرا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ضلع شانگلہ کے یونین کونسل رانیال کا واحد رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے، لکڑی کا پرانا اور بوسیدہ پل گاڑی کا وزن برداشت نہ کرسکا جس کی وجہ سے پل ٹوٹ گیا اور گاڑی دریا میں گر گئی، تاہم اس کے ڈرائیور کو بچا لیا گیا۔
پل ٹوٹنے سے 50 ہزار آبادی کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا ہے۔ 2 مئی کو شانگلہ چکیسر کے یو سی سرکول کے علاقے ولیج کونسل جٹکول کو تورغر سے ملانے والا واحد ذریعہ، دریائے سندھ پر تعمیر پْل رات کو آنے والے طوفان کی وجہ سے ٹوٹ گیا تھا جس سے 10 ہزار کی آبادی رکھنے والا ولیج کونسل جٹکول کا زمینی رابطہ مکمل منقطع ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حادثے سے 2 ماہ قبل ایک سروے کے دوران اس پل کو مکمل ناکارہ قرار دے کر نئے سرے سے بنانے کی سفارش کی گئی تھی۔