خاتون جاں بحق، لوئر دیر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی
دیر لوئر میں کورونا وائرس سے ایک اور خاتون جاں بحق ہو گئی جس کے ساتھ ضلع میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق جاں بحق خاتون کا تعلق لوئر دیر کے علاقہ ناصافہ تالاش سے تھا جو اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھی۔
ڈپٹی ڈی ایچ او فوکل پرسن ڈاکٹر ارشاد علی کے مطابق ضلع دیر پائین میں اب تک 974 مشتبہ مریضوں میں سے 145 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، 884 مریضوں کے رزلٹس کلیئر جبکہ 345 مریضوں کے رزلٹس آنا باقی ہیں، قرنطینہ مراکز میں کل 9 جبکہ آئسولیشن وارڈز میں 34 افراد داخل ہیں۔
ماقبل 7 مئی کو لوئر دیر میں کرونا وائرس سے ایک اور شخص جاں بحق ہوا تھا جس کے ساتھ ضلع میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی تھی، کوٹو حاجی آباد کے 57 سالہ رہائشی محمد مراد ولد طماس خان پشاور کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے اور ویں جاں بحق ہوئے، مرحوم شوگر کا مریض تھا جبکہ 6 سال پہلے دل کا بائی پاس آپریشن بھی کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
خیبر میں کورونا کے مزید دو مریض جاں بحق، ضلع میں تعداد 6 ہو گئی
اسی طرح گذشتہ روز، جمعہ 8 مئی کو، لوئر دیر کے علاقہ معیار جندول کا 55 سالہ شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا تھا جس کے ساتھ ضلع میں اموات کی تعداد 9 ہو گئی تھی، 55 سالہ حاجی مہران ولد فضل حق راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے، مرحوم کو کورونا پروٹوکول کے تحت آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا تھا۔
اس سے قبل 3 مئی کو بھی لوئر دیر میں کرونا سے ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا تھا جس کے بعد ضلع میں وائرس سے مرنے والے کی تعداد 7 جبکہ مزید 17 کیسز سامنے آنے پر متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 95 ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں 28554 افراد کرونا وائرس سے متاثر جبکہ 623 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 221 اموات کے ساتھ خیبر پختونخوا سرفہرست ہے، 191 ہلاکتوں کے ساتھ پنجاب دوسرے جبکہ 180 اموات کے ساتھ سندھ تیسرے نمبر پر ہے۔
اسی طرح بلوچستان میں بھی 24 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں 3 جبکہ اسلام آباد میں 4 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔