پارا چنار بلدیہ کے ملازمین گزشتہ سولہ ماہ سے پنشن سے محروم
ضلع کرم پارا چنار بلدیہ کے پنشنرز کو سولہ ماہ کا پنشن اور تین سالوں کی تنخواہیں نہیں ملی جس کے باعث وہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔
پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلدیہ پاراچنار کے ملازمین حاجی گلاب حسین ، علی خان ، علی سرور ، نیاز علی ، حکیم علی اور دیگر ریٹائرڈ ملازمین نے کہا کہ انہوں نے پوری زندگی بلدیہ میں گزاری مگر انہیں اپنے جائز حقوق نہیں مل رہے ہیں جس کی وجہ سے پنشنرز ملازمین فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔
بلدیہ پاراچنار کے پنشنرز ملازمین کا کہنا تھا کہ نہ صرف ملازمت کے دوران تین سالوں کی تنخواہ نہیں ملی ہے بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی سولہ ماہ کا پنشن ستر سے ذیادہ ملازمین کو نہیں ملا۔ ریٹائرڈ ملازمین نے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر بقایاجات کی ادائیگی کی جائے اور فاقہ کشی کی زندگی سے نجات دلائی جائے ملازمین کا کہنا تھا کہ ملازمین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور حالات سے مجبور ہوکر احتجاج کی راہ اپنائیں گے۔