ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 24 افراد جاں بحق، تعداد 391 ہو گئی
ملک میں آج اب تک کورونا وائرس سے مزید 24 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 385 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 16817 تک جا پہنچی ہے۔ اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 146 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 112 اور پنجاب میں 106 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ آج بروز جمعہ ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 344 کیسز سامنے آچکے ہیں اور 24 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا سے 314 کیسز اور 24 ہلاکتیں اور اسلام آباد سے 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جمعرات 30 اپریل کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے تاہم آج جمعہ کو جاری اعداد و شمار میں مزید 314 کیسز اور بڑی تعداد میں 24 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
خیبرپختونخوا میں کوروناکے مجموعی کیسز کی تعداد 2627 اور ہلاکتیں 146 ہوچکی ہیں جب کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 654 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 30 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 343 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
سندھ صوبے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 358 کیسز سامنے آئے اور 12 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 6053 اور اموات 112 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 53مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1222 ہوگئی ہے۔
پنجاب سے جمعرات کو کورونا کے مزید 513 کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔ بلوچستان میں جمعرات کو کورونا کے مزید 75 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔ محکمہ صحت کےمطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1049 ہوگئی ہے جب کہ 14 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں جمعرات کو کورونا کے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 339 تک پہنچ گئی۔