ملک بھر میں کورونا کے 16 میں سے 8 اموات خیبرپختونخوا سے
خیبرپختونخوا میں بدھ کے روز 153 کورونا کے نئے کیسز اور 8 اموات سامنے آئی ہیں۔ نئے کیسز کے ساتھ صوبے میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 2315 اور اموات 122 ہوگئی ہیں۔
صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق صوبے میں بدھ کے روز 52 افراد صحتیاب بھی ہوگئے ہیں جن کے ساتھ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 614 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا کی طرح ملک کے دوسرے صوبوں میں بھی کورونا وائرس کے متاثرین میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور آج بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 717 کیسز سامنے آئے اور 16 ہلاکتیں بھی ہوئیں جن میں سندھ سے 404 کیسز 8 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا 153 کیسز 8 ہلاکتیں، اسلام آباد 36، بلوچستان سے 121 اور گلگت بلتستان سے 3کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس سے مزید 16 اموات ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 343 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15504 تک جا پہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 122 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ اور پنجاب میں 100،100 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
28 اپریل کو پاکستان میں کورونا وائرس سے 28 ہلاکتیں ہوئیں جو ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔