قومی

‏ٹورنٹو سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کا انکشاف

‏ٹورنٹو سے بہ راستہ استنبول اسلام آباد پہنچنے والی پرواز میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق ‏فلائٹ پی کے 782 کے ذریعے 195 مسافروں کو اسلام آباد ائیرپورٹ لایا گیا جن میں سے کئی مسافروں میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ‏اسلام آباد ائیرپورٹ پر موجود این آئی ایچ اور ڈاکٹرز کی ٹیم نے مسافروں کی سکریننگ کی اور اس دوران 22 مسافروں میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت نکلا، تمام مسافروں کو قرنطینہ مرکز منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ‏ائیرپورٹ پر تعینات عملے نے خدشہ ظاہر کیا کہ دیگر مسافر بھی کورونا سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3059 تک پہنچ گئی، اب تک 170 مریض صحتیاب، 18 افراد کی حالت تشویشناک جبکہ 45 جاں بحق ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں اس وقت سب سے زیادہ 1319 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ سندھ میں 881، کے پی میں  372، اسلام آباد 78، آزاد کشمیر 14، گلگت بلتستان میں 206 جبکہ بلوچستان میں 189 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ آج مردان خصوصاً اہلیان منگا درگئی کیلئے ایک اچھی خبر سامنے آئی تھی، گذشتہ دو ہفتوں سے زائد لاک ڈاؤن ختم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مردان نے یونین کونسل منگا کو  ڈی سیل کرنے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیہ کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد سے ڈاکٹر معین نے یوسی منگا کا دورہ کیا تھا، چاروں اطراف سے 109 افراد کے سیمپل لئے گئے جو تمام کے تمام نیگیٹیو آئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button